پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک سے سفارتخانوں اور سفیروں نے پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور خوشحالی و ترقی کی دعائیں کیں۔
ایران کا تہنیتی پیغام
اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کی استقامت، اتحاد اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پیغام میں کہا گیا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسی عظیم قوم کے ساتھ کھڑے ہیں جو اعلیٰ اقدار کی علمبردار ہے۔ پاکستان کے برادر عوام اور معزز حکومت کو دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ایرانی سفارتخانے نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوستی، احترام اور تعاون کا مضبوط رشتہ وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔
روس کی نیک خواہشات
روسی سفارتخانے نے خصوصی بیان میں پاکستان کی آزادی کے بعد کی ترقی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے متعدد شعبوں میں قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے اور عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے، یہاں تک کہ خلائی تحقیق جیسے شعبے میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔
روس نے پاکستانی عوام کے لیے کامیابی، امن، خوشحالی اور استحکام کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
جاپانی سفیر کی گرمجوشی
پاکستان میں جاپانی سفیر، اکاماتسو شوچی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ جاپان، پاکستان کے ساتھ مل کر ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کرتا رہے گا۔
اس موقع پر جاپانی اور پاکستانی عملے نے مل کر قومی نغمہ جیوے جیوے پاکستان بھی گایا، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا مظہر تھا۔
آئرلینڈ کی مبارکباد
پاکستان میں تعینات آئرش سفیر، میری او نیل نے علامہ اقبال کے اشعار پڑھ کر پاکستانی قوم کو ایک انوکھے انداز میں مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا پاکستان میں مقیم اور بیرون ملک تمام دوستوں کو یومِ آزادی بہت مبارک ہو۔
یومِ آزادی پاکستان: دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری








