بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو پائلٹوں سمیت 5 افراد شہید 

خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر جو بارش سے متاثرہ باجوڑ کے علاقوں میں امدادی سامان لے جا رہا تھا، ضلع مہمند میں خراب موسم کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ اس المناک حادثے میں دو پائلٹ سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہو گئے۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر پشاور سے روانہ ہوا تھا، مگر جب وہ مہمند کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو اس کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ کچھ دیر بعد چینگی بانڈہ کے مقام پر ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع ملی۔ ابتدائی طور پر تین افراد کی شہادت کی خبر آئی، جو بعد ازاں پانچ شہداء تک جا پہنچی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ گرنے سے پہلے علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی، اور ہیلی کاپٹر ملبے تک پہنچنا انتہائی مشکل ہے کیونکہ وہ ایک دشوار گزار پہاڑی علاقے میں گرا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈاپور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تباہ ہونے والا MI-17 ہیلی کاپٹر سالارزئی (باجوڑ) کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دوسروں کی جانیں بچانے نکلے تھے، مگر اپنی جان کا نذرانہ دے کر ہمیں یہ سکھا گئے کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑا جذبہ ہے۔ یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری تحقیقات اور امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی، جب کہ شہداء کے جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اس سانحے پر کل (ہفتے کے روز) یومِ سوگ منائے گا، اور تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔