بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خیبرپختونخوا کے عوام کے لیےیہ آزمائش کا وقت ہے، امیرمقام

وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے صوبے کے مختلف اضلاع — بونیر، شانگلہ، سوات، باجوڑ، لوئر دیر اور مانسہرہ — میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امیر مقام نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ یہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے ایک آزمائش کا وقت ہے، اور وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ۔
امیر مقام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف خود اس سنگین صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں فوری امداد کی فراہمی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ بروقت امداد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔”
امیر مقام نے افسوسناک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور اس موقع پر امدادی ٹیم کے ہیلی کاپٹر حادثےمیں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
امیر مقام نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہمیں متاثرین کی مدد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے تمام اداروں، فلاحی تنظیموں اور اہلِ خیر سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے لیے آگے آئیں۔