اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر ان کی آزادیٔ کشمیر کے لیے جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن اور تحریک آزادی کے عظیم رہنما تھے۔
وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی نے تمام تر مظالم کے باوجود بھارتی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ حقِ خودارادیت کے اصولی مؤقف پر ڈٹے رہے۔ ان کی بے مثال قربانیاں اور استقامت آج بھی کشمیریوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ “سید علی گیلانی صاحب کا نعرہ ‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے’ آج بھی کشمیری نوجوانوں کے لبوں پر ہے اور یہی جذبہ بھارت کے ناجائز قبضے کو شکست دے گا۔”
وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اُن کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔









