لیاری: پاکستان رینجرز (سندھ) اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے لیاری کے علاقے افشانی گلی، کلاکوٹ میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے بابا لاڈلا اور اسماعیل افشانی گروہ کے انتہائی مطلوب ملزم سلمان عرف سلم عرف سلام کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ وصولی اور پولیس مقابلوں کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزم کا نام سی ٹی ڈی ریڈ بک میں بھی درج ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم 2011 میں لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروہ میں شامل ہوا تھا اور ابتدا میں منشیات فروشی اور پکٹ ڈیوٹی کرتا رہا۔
ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مخالف گروہ پر گرینیڈ حملوں اور پولیس پر فائرنگ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ ان حملوں میں مخالف گروہ کے افراد اور متعدد راہگیر زخمی اور ہلاک ہوئے۔
ملزم کے خلاف کراچی اور اندرون سندھ میں پولیس مقابلوں سمیت دیگر جرائم کی متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے بلوچستان اور بعد ازاں بیرون ملک فرار ہوگیا تھا، بیرون ملک سے وہ فون کے ذریعے اپنے ساتھیوں سے رابطے میں رہا اور کراچی میں بھتہ وصولی اور ٹارگٹ کلنگ جیسے جرائم میں معاونت فراہم کرتا رہا۔
ملزم حال ہی میں کراچی واپس آیا تھا اور اپنے گروہ کو منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔گرفتار ملزم کو اسلحے اور ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:پنڈی ٹیسٹ: پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
پاکستان رینجرز سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔








