بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مسجد اقصیٰ کے نیچے اسرائیل کی خفیہ کھدائی، فلسطینی حکام کا سخت ردِعمل

رام اللہ (نیوز ڈیسک) فلسطینی اتھارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کے صحن کے نیچے غیرقانونی اور خفیہ کھدائی کر رہا ہے جس کے نتیجے میں اسلامی دور کے قیمتی آثارِ قدیمہ کو جان بوجھ کر مٹایا جا رہا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز اسرائیل کے ان عزائم کا واضح ثبوت ہیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اموی دور کے اہم تاریخی آثار کو منظم منصوبے کے تحت ختم کیا جا رہا ہے، جو مسجد اقصیٰ کی اسلامی شناخت اور مسلمانوں کے حق ملکیت کے ناقابلِ تردید شواہد ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق یہ سرگرمیاں مکمل طور پر خفیہ رکھی گئی ہیں اور ان کا مقصد مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچا کر مستقبل میں یہودی عبادت گاہ تعمیر کرنا ہے۔


بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی نے اقوام متحدہ، یونیسکو اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو ان غیرقانونی سرگرمیوں سے روکا جائے۔