بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انسداد دہشت گردی عدالت نے فرحان غنی کو عمرہ ادائیگی کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

کراچی (نیوز ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی اور ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی کو تشدد اور دھمکانے کے کیس میں عمرہ ادائیگی کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں فرحان غنی اور دیگر کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں تفتیشی افسر محمد وسیم، ملزم فرحان غنی اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ جب اے ٹی اے کی دفعات حذف کرنے کی درخواست دی گئی ہے تو پھر یہ دفعات لگائی ہی کیوں گئیں؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاملہ براہِ راست مجسٹریٹ کے پاس بھیجا جانا چاہیے تھا۔

وکیل صفائی نے عدالت سے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانا ہے، اس لیے بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے ملزم سے روانگی اور واپسی کی تاریخ پوچھی، جس پر فرحان غنی نے بتایا کہ وہ کل صبح سعودی عرب روانہ ہوں گے اور 19 ستمبر کو وطن واپس آ جائیں گے۔

عدالت نے اس بیان پر کہا کہ آئندہ سماعت 20 ستمبر کو مقرر کی جاتی ہے، تاہم ملزم کی درخواست پر تاریخ آگے بڑھاتے ہوئے سماعت 22 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید برآں، عدالت نے وکیل صفائی کی یہ استدعا مسترد کر دی کہ آئندہ سماعت پر ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ پولیس رپورٹس کی روشنی میں قانون کے مطابق فیصلہ آئندہ سماعت پر سنایا جائے گا۔