بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر پیوٹن کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، علاقائی استحکام، اور معاشی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
یہ ملاقات چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے بعد ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر سے بیجنگ میں تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ سطحی وفد بھی شریک تھا۔
دونوں رہنماؤں نے گرمجوش مصافحے کے بعد باہمی دلچسپی کے کئی اہم امور پر بات چیت کی، جن میں توانائی تعاون، زمینی و علاقائی روابط، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی، افغانستان کی صورتحال، اور یوکرین تنازع شامل تھے۔
صدر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو “بہترین” قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس، پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے روسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان اور روس کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، اور ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے خواہاں ہیں۔” انہوں نے روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات کے دوران صدر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف کو آئندہ ماسکو میں ہونے والے SCO سمٹ میں شرکت کی دعوت دی، جس پر وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔