بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

محمود اچکزئی اور پی ٹی آئی میں دراڑ ، بڑی خبر آگئی

ا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان تعلقات میں دراڑ پڑنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی، اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پارٹی قیادت سے ناراض ہو کر بلوچستان روانہ ہو گئے ہیں۔
اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ اختلافات کی بنیاد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے منصب پر پیدا ہونے والی کشمکش ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ محمود اچکزئی کو یہ بات ناگوار گزری کہ عدالت سے حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) ملنے کے باوجود عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر برقرار رکھا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پی ٹی آئی رہنماؤں نے اچکزئی سے کہا تھا کہ وہ میڈیا کے سامنے آ کر بانی چیئرمین عمران خان کا شکریہ ادا کریں اور یہ مؤقف اپنائیں کہ وہ عدالت کے فیصلے تک اپوزیشن لیڈر کا منصب قبول نہیں کریں گے۔ تاہم محمود اچکزئی نے یہ تجویز سختی سے مسترد کر دی اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ چاہتے ہی نہیں کہ میں اپوزیشن لیڈر بنوں۔ اس کے بعد وہ کوئٹہ روانہ ہو گئے۔ جب ان سے اس خبر پر موقف جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

پی ٹی آئی کی وضاحت

دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کسی ناراضی کی وجہ سے نہیں بلکہ معمول کی سیاسی سرگرمیوں کے سلسلے میں کوئٹہ گئے ہیں، اور اس معاملے پر میڈیا میں آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

پارٹی کے اندر بھی اختلافات
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر پی ٹی آئی کے اندر ہی اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ بعض رہنماؤں نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں ایسے کئی سینئر اور باصلاحیت افراد موجود ہیں جو یہ ذمہ داری نبھا سکتے ہیں۔
دوسری جانب کچھ رہنما بانی چیئرمین کے فیصلے کو حتمی اور قابلِ احترام قرار دیتے ہیں اور ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں۔
اسی طرح کے اختلافات کے باعث پی ٹی آئی کی جانب سے اعظم سواتی کی بطور اپوزیشن لیڈر سینیٹ نامزدگی بھی تاحال مؤخر کر دی گئی  ۔