بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب کے باعث مولانا فضل الرحمان نے مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دیے

– جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر مردان اور دیر میں ہونے والے عوامی جلسے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور اپنی سیاسی سرگرمیاں زمینی حقائق کے مطابق ترتیب دے رہی ہے۔
ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس کا بحران انتہائی تشویشناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا، “جو لوگ دوسروں کو بحرانوں سے نکالنے کے دعویدار ہیں، وہ خود انتشار اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔”
مولانافضل الرحمان نے بتایا کہ عوام کو درپیش خطرات اور نازک ملکی حالات سے باخبر رکھنے کے لیے جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا تھا، لیکن سیلاب کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے مردان اور دیر کے جلسے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ البتہ انہوں نے اعلان کیا کہ 16 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں “مفکرِ اسلام مفتی محمود کانفرنس” حسبِ منصوبہ منعقد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بدامنی اور کرپشن عروج پر ہیں اور “حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی۔” مولانا نے سوات، وزیرستان اور باجوڑ میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں، جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے ریاستی اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بساط کے مطابق اقدامات کر رہے ہیں، لیکن موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یہ اقدامات ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔ مولانا کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اتنے مضبوط ہو چکے ہیں کہ وہ ریاستی اداروں کو بھی چیلنج کر رہے ہیں، جس پر فوری اور مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تصادم ہماری خواہش نہیں، لیکن عوام کو حقیقت سے باخبر رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ جے یو آئی ف اسلام کے وقار اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔