ضلعی راولپنڈی انتظامیہ نے گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے روات کے قریب واقع ایک فیڈ مل سے 6 ہزار ٹن سے زائد گندم برآمد کرلی، جبکہ فیڈ مل کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق یہ کارروائی پنجاب بھر میں جاری اس مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت فیڈ ملز میں گندم کے غیرقانونی استعمال پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے مرغیوں کی خوراک کے لیے گندم کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے، تاکہ خوراک کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پنجاب کی مختلف فیڈ ملز میں مرغی دانہ بنانے کے لیے 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم ذخیرہ کی گئی تھی، جو کہ موجودہ حالات میں ایک سنگین مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کے معمول پر آنے تک گندم کی ذخیرہ اندوزی اور غیرقانونی استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام کو خوراک کی قلت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
روات کے قریب ذخیرہ کی گئی 6 ہزار ٹن سے زائد گندم برآمد، فیڈ مل سیل








