بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی: توشہ خانہ ٹو کیس میں 3 گواہوں کی جرح مکمل، سماعت 10 ستمبر تک ملتوی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اڈیالہ جیل کی خصوصی عدالت میں سماعت کے دوران کیس کے 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی۔

سماعت کے دوران سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کا بیان بھی قلمبند کیا گیا۔ جرح کے دوران کسٹم اپریزر رابعہ صمد، ثنا سعید اور اے ڈی سی عبداللہ خان کے بیانات پر تفصیلی سوالات کیے گئے۔ اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جبکہ بانی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بھابی مہر النسا احمد بھی عدالت میں موجود رہیں۔

اس مقدمے کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ اب تک مقدمے میں مجموعی طور پر 14 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں اور جرح بھی مکمل ہو چکی ہے۔ آج کی سماعت میں استغاثہ کے گواہ عظیم منظور کو غیر ضروری سمجھ کر عدالت نے شامل نہیں کیا۔

عدالت نے سماعت کو 10 ستمبر تک ملتوی کر دیا۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک ٹیم کے ساتھ عدالت میں موجود تھے، جبکہ وکلائے صفائی ارشد تبریز اور مفتی قوسین نے بھی شرکت کی۔ سماعت میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر بھی عدالت میں موجود رہے۔

یہ مقدمہ توشہ خانہ سے متعلق مالیاتی معاملات کی تحقیقات کے تناظر میں چل رہا ہے، اور اس کی سماعت میں جرح کے مکمل ہونے سے کیس کی کارروائی کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔