کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ میں داخل ہونے والا مون سون سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی صورت اختیار کر چکا ہے اور محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کے خدشے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کے 4 سے 6 اسپیل متوقع ہیں، جن میں بعض مقامات پر بارش کی مقدار 100 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی نظام بھارت کی جانب سے سندھ میں داخل ہوا ہے اور اس کا راستہ غیر واضح اور پیچیدہ ہے، جس کے باعث بارش کی شدت مختلف علاقوں میں مختلف رہ سکتی ہے۔
گزشتہ روز ملیر ندی میں طویل عرصے بعد سیلابی صورتحال دیکھنے میں آئی، جس کے بعد اربن فلڈنگ کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
موسمی حالات کے باعث جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے آج کے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں اور ورک فرام ہوم پالیسی کے تحت کلاسز آن لائن منتقل کر دی گئی ہیں۔ وائس چانسلر کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ اور اسٹاف کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
شہر میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے کئی نشیبی علاقوں کو متاثر کیا ہے جہاں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور ننگی تاروں سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔









