بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت، بی جے پی رہنماکے گستاخانہ بیان کو منظرعام پر لانے والا صحافی توہین مذہب کے الزام میں گرفتار

نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارتی پولیس نے سرکردہ فیکٹ چیک نیوز ویب سائٹ ’آلٹ نیوز‘ کے شریک بانی محمد زبیر کو گرفتار کر لیا ۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ محمد زبیر پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام ہے۔
محمد زبیر بھارت کے ایک سرکردہ صحافی ہیں اور ان کا نام فیک نیوز چیک کرنے اور عوام کے درمیان اس بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے مشہور ہے۔
محمد زبیر گذشتہ دنوں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی جانب سے ایک ٹی وی میں پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں نازیبا بیانات کو منظر عام پر لانے اور ٹوئٹر کے ذریعے اس خبر کو عام کرنے کے بعد خبروں میں رہے۔
ان بیانات کو منظر عام پر لانے کے بعد یہ مطالبات شد و مد سے سامنے آئے تھے کہ زبیر کو گرفتار کیا جائے اور اُن پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔
یاد رہے کہ پیغمبر اسلامؐ کے حوالے سے تبصرہ کرنے والی بے جے پی رہنما نوپور شرما نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد زبیر کی جانب سے ٹویٹس کیے جانے کے بعد سے انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہی
اس سے قبل بھی متعدد بار محمد زبیر نے ایسے فیک مواد اور خبروں کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے جو نفرت پر مبنی تھا اور ایک خاص طبقے اور بیشتر اوقعات مسلمان مخالف تھا۔
ادھرمحمد زبیر کی گرفتاری کی خبر کے بعد آلٹ نیوز کے شریک بانی پرتیک سنہا نے ایک بیان میں لکھا کہ زبیر کو آج دہلی سپیشل سیل میں تفتیش کی غرض سے بلایا گیا تھا۔ یہ کیس 2020 کا تھا اور اس میں زبیر نے ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری لے رکھی تھی۔ تاہم آج شام پونے سات بجے ہمیں آگاہ کیا گیا کہ انھیں کسی اور کیس میں گرفتار کر لیا گیا جس کے لیے انھیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا جو قانون کی رو سے دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کی بارہا درخواستوں کے باوجود انھیں اس ایف آئی آر کی کاپی فراہم نہیں کی گئی جس کی بنیاد پر محمد زبیر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دلی پولیس کے ڈی سی پی کے پی ایس ملہوتارا کے مطابق ریکارڈ پر محمد زبیر کے خلاف معقول ثبوت ہونے کی وجہ سے انھیں گرفتار کیا گیا ہے۔ اب ریمانڈ کے لیے انھیں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
کانگریس پارٹی کے رُکن ششی تھرور نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’انڈیا کی نئی فیکٹ چیکنگ سروسز خاص طور پر آلٹ نیوز ایک ایسے ماحول میں جو فیک خبروں اور غلط معلومات سے بھرا ہے، اس جھوٹ کو غلط ثابت کرتے ہیں، چاہے وہ غلط معلومات کسی نے بھی پھیلائی ہیں۔ محمد زبیر کی گرفتاری سچ پر حملہ ہے ان کو فوراً رہا کیا جانا چاہیے۔
سرکردہ صحافی رانا ایوب نے لکھا کہ ’انڈین وزير اعظم ایمرجنسی کے دور کے خوف کے بارے میں بات کرتے ہیں جب انھوں نے خود ایمرجنسی جیسے حالات پیدا کیے ہوئے ہیں۔ محمد زبیر جو مستقل فیک نیوز کا بھانڈا پھوڑتے ہیں اور نفرت پر مبنی خبروں کا پردہ فاش کرتے ہیں، انھیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ ملک ان صحافیوں کو سزا دے رہا ہے جو رپورٹ کرتے ہیں اور جو اس کے زوال کے بارے میں لکھتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ارکان کی طرف سے پیغمبر اسلام پر کیے گئے تبصروں سے متعلق سفارتی بحران پیدا ہونے کے بعد دائیں بازو کے ہندو گروہ امحمد زبیر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔