بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قطر پر اسرائیلی حملہ: پاکستان کی سلامتی کونسل سے فوری نوٹس لینے کی اپیل

پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کر دی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے نے نہ صرف خطے کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس سنگین صورتحال پر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا قطر پر بلااشتعال اور غیر قانونی حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ ہمیں اس پر فوری اور سنجیدہ عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مقصد سلامتی کونسل کو اس سنگین واقعے سے آگاہ کرنا اور صورتحال پر باضابطہ مشاورت کو یقینی بنانا ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہاکہ پاکستان، قطری حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اظہار کرتا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے دوحہ میں واقع ایک رہائشی کمپاؤنڈ پر فضائی حملہ کیا، جس کا ہدف فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت تھی۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں سینیئر رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوئے، تاہم تنظیم کی اعلیٰ قیادت محفوظ رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر پر حملہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔