بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یہ ہماری نہیں اتحاد کی حکومت ہے، ہمیں کوئی خطرہ نہیں،مزاحمتی ووٹ ہمارے ساتھ، ضمنی الیکشن جیتیں گے،راناثنااللہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ یہ (ن) لیگ کی نہیں بلکہ اتحاد کی حکومت ہے، ہمیں کوئی خطرہ لاحق نہیں ،اتحاد کے قائدین جوفیصلہ کریں گے ہم مانیں گے،حمزہ شہباز کے پاس آج بھی اکثریت ہے ،وہ بھی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کسی خطرے میں نہیں، عمران خان قوم کے ساتھ فراڈ کررہے ہیں،وہ اسٹیبلشمنٹ سے کہہ رہے ہیں کہ سیاست میں مداخلت کرے،ضمنی الیکشن میں جیتیں گے،مریم نوازانتخابی مہم کو لیڈکریں گی، پنجاب میں ہماری توجہ ایک ایک سیٹ پرہے ،یہ سولہ اور چار کا فیصلہ ہوگا،وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل ایک ایک بات پر اسحاق ڈار سے رہنمائی لے رہے ہیں۔پیر کی شب نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ یہ کہنا درست نہیں کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے ،یہ صرف ہماری حکومت نہیں اتحاد کی حکومت ہے،شاہدمسلم لیگ (ن)اس طرح کی حکومت بنانے کے حق میں نہیں تھی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں کوئی خطرہ لاحق نہیں ،اتحاد کے قائدین جوفیصلہ کریں گے ہم مانیں گے، ہم نے سیاسی قیمت حکومت بچانے یا چلانے کے لئے نہیں اداکی ، اتحادی جیسافیصلہ کرنا چاہیں ن لیگ اس کے مطابق چلے گی، ضمنی اور عام انتخابات میں فیصلہ ہوگا کہ ہم نے درست فیصلہ کیا ۔قومی اسمبلی میں اتحادی ارکان کی سخت تقاریرسے متعلق ایک سوال پر راناثنااللہ نے کہاکہ ایوان میں ایسی تقاریر ہوتی ہیں اور ہونی بھی چاہئیں، اگر بجٹ کے موقع پر بھی ایسی تقاریر نہیں ہوں گی تو کب ہوں گی ؟ احسن اقبال نے اسلم بھوتانی کی سکیم کو وزیراعظم کے کہنے پر ہی ڈالاہوگا ،ہوسکتا ہے،اسلم بھوتانی نے زرداری ، وزیراعظم یا کسی ادارے سے بات کی ہو،جن دوستوں نے گلہ کیا اس کو جواب احسن اقبال ہی دیں گے ،احسن اقبال جب جواب دیں گے تواسلم بھوتانی کو مطمئن کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ حمزہ شہباز کے پاس آج بھی اکثریت ہے ،وہ بطور وزیراعلیٰ کسی خطرے میں نہیں۔انہوں نے کہاکہ انہوںنے کہاکہ عمران خان قوم کے ساتھ فراڈ کررہے ہیں،وہ اسٹیبلشمنٹ سے کہہ رہے ہیں کہ سیاست میں مداخلت کرے،ہمارا بیانیہ تھا ادارے نیوٹرل رہیں اور مداخلت نہ ہو ، ہمارا بیانیہ کامیاب ہوا،مزاحمت اور عدم مداخلت کا ووٹ ان فراڈیوں کے ساتھ کیسے ہوسکتا ہے؟ مزاحمتی ووٹ اب بھی ہمارے ساتھ ہے،پنجاب میں ہماری توجہ ایک ایک سیٹ پرہے ،ہم ضمنی الیکشن جیتیں گے ، بیس میں سے سولہ نشستوں پر ن لیگ کامیاب ہوگی یہ سولہ اور چار کا فیصلہ ہوگا۔وزیرداخلہ نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں مریم نواز انتخابی جلسوں کی قیادت کریں گی ،وہ ووٹ مانگنے کے لئےہر حلقے میں جائیں گی، عمران خان اور یاسمین راشد مشاورت کرلیں کہ کیا بات کرنی ہے۔ایک اور سوال پر وزیرداخلہ نے کہاکہ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل ایک ایک بات پر اسحاق ڈار سے رہنمائی لے رہے ہیں، اسحاق ڈارواپس آئے تو مفتاح اسماعیل ان کے بھائی ،ساتھی کی حیثیت سے کام کریں گے،مفتاح نے لندن میں کہاتھا کہ وہ اسحاق ڈار کی رہنمائی میں کام کریں گے،اگر اسحاق ڈارواپس آتے ہیں تو وہ کس عہدے پر کام کریں گے یہ فیصلہ نوازشریف کریں گے۔