فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ٹیکس سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ30 ستمبر 2025 ہی ہوگی اوراس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں توسیع سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کوبے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض حلقے تاریخ میں ممکنہ توسیع کو سیلاب سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں،جبکہ زمینی حقائق کے مطابق بیشتر ٹیکس دہندگان سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے۔
گوشوارے جمع کرانے کے لیے کافی وقت دیا گیا ہے، اس لیے اب مزید مہلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم کی سست روی کی شکایات بھی غلط اور بے بنیاد ہیں، ایف بی آر کا آن لائن پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال اور مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے۔
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو خبردار کیا ہے کہ جو افراد مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے، انہیں قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت میں ریٹرن جمع کرانا ہر شہری کاقانونی اور قومی فریضہ ہے، لہٰذا عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور 30 ستمبر کی ڈیڈلائن سے پہلے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دیں۔









