وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو ہتکِ عزت کے قانونی نوٹس ارسال کر دیے ہیں، اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈے انہیں خاموش نہیں کر سکتے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اپنے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے وکیل کے توسط سے ہتکِ عزت کے دو باضابطہ قانونی نوٹس بھجوائے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دوسرا صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی نوٹس کے ذریعے دھمکانے کی تمام کوششیں نہ تو مجھے خاموش کر سکتی ہیں اور نہ ہی عوام کی فلاح و بہبود اور عوامی مفاد سے جڑے اہم مسائل پر آواز اٹھانے سے روک سکتی ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبہ بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، اور یہ وہ سنگین مسائل ہیں جن پر دھمکیاں دینے کے بجائے ذرا سا خود احتسابی کا مظاہرہ کرنے اور جوابدہی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور حقیقی احتساب کے لیے ان کا موقف غیر متزلزل رہے گا اور وہ عوامی حقوق پر کسی قسم کے سمجھوتہ نہیں کریں گے۔








