بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پارٹی کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، ایسی خبریں محض پراپیگنڈا ہیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 217 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں وہ ملتان سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن ہارنے کی وجہ ان کی اپنی پارٹی تحریک انصاف تھی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُن کے خلاف ان کی اپنی پارٹی نے سازش کی تھی۔
اس بیان کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے وضاحت کی ہے کہ وہ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے ان سابق رہنماؤں کی جانب اشارہ کر رہے تھے جو آج پارٹی چھوڑ کر مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی خبریں کہ میرا پارٹی کے ساتھ آج کل کوئی اختلاف چل رہا ہے ’محض پراپیگنڈا ہیں۔‘
بدھ کو ملتان کے حلقہ پی پی217 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کی مہم کے دوران ایک کارنر میٹنگ سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا `کہ سال 2018 کے جنرل الیکشن میں میری پارٹی نے ہی میرے خلاف سازش کرتے ہوئے مجھے صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے ہروایا۔‘
تاہم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس سازش سے انھیں کوئی فرق نہیں پڑا، وہ تو وزیر خارجہ بن گئے، مگر ملتان کو فرق پڑا اور جنوبی پنجاب کو فرق پڑا۔
انھوں نے کہا کہ ’برملا کہہ رہا ہوں اور خان کو بھی کہا ہے کہ آج پنجاب کی یہ کیفیت نہ ہوتی اگر شاہ محمود یہاں سے جیت گیا ہوتا۔‘
کارنر میٹنگ سے خطاب میں شاہ محمود نے کہا کہ لوگوں نے انھیں کہا کہ ضمنی الیکشن اپنے بیٹے کو مت ہرائیں، لوگ کہیں گے وائس چئیرمین کا بیٹا ہار گیا تو بے عزتی ہو گی۔