اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے۔پارلیمان کا احترام اور اس کا تقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے۔پارلیمان میں عوامی نمائندے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملکی اور قومی مفاد میں فیصلے کرتے ہیں۔پاکستان کی موجودہ پارلیمان ترقی پسند اور روشن خیال قوتوں پر مشتمل ہے۔پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمیانی یونین (آئی پی یو) اور دیگر بین الاقوامی پارلیمانی فرمز کا ایک سرگرم اور فعال ممبر ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ملک میں پارلیمان کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کی خاطر دی گئی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔قائد عوام ذولفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بےنظیر بھٹو پارلیمان کو ایک آزاد اور مضبوط ادارہ بنانے پر یقین رکھتی تھیں۔پارلیمان کو مضبوط بنا کر ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ پارلیمان جمہوریت کا ایک اہم ادارہ ہے جس کی مضبوطی ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل اور ترقی کی ضامن ہوتی ہیں۔موجودہ پارلیمان عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور قانون سازی کر رہی ہے۔سپیکر و ڈپٹی قومی اسمبلی نے آئی پی یو۔ کو 133ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔
پارلیمان کا احترام اورتقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے، راجہ پرویز اشرف








