پاکستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں خسارے میں جانے کے بعدجنوبی افریقہ نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
یاد رہے کہ لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دی تھی، جس سے میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ اب دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں کل سے دوسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ کھیلنے جا رہی ہیں۔
جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے میچ سے قبل گفتگو میں کہا کہ ٹیم پنڈی میں کم بیک کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ہم نے جیت کے لیے مکمل پلاننگ کر لی ہے۔
ان کا کہنا تھا، پچ کو دیکھا ہے، لگتا ہے کہ یہاں بھی ویسی ہی کنڈیشنز ہوں گی جیسی لاہور میں تھیں۔ ہمیں اندازہ ہے کہ یہ آسان نہیں ہوگا، لیکن ہم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
مارکرم نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان ایک بار پھر بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں، اور ٹیم میٹنگ میں ان پر خاص بات چیت بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ اسپنرکیشو مہاراج مکمل طور پر فٹ ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ہم نے راولپنڈی میں بھرپور ٹریننگ کی ہے، اور پوری ٹیم جیت کے لیے پُرجوش ہے۔ امید ہے شائقین کو ایک شاندار میچ دیکھنے کو ملے گا، کپتان کا کہنا تھا۔
جنوبی افریقہ کی واپسی کی تیاری، دوسرا ٹیسٹ جیتنے کا منصوبہ تیار








