حکومت نے قومی پاسپورٹ میں تبدیلی کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اس حوالے سے وزارتِ داخلہ سے اجازت بھی حاصل کر لی ہے۔
نئے پاسپورٹ میں چاروں صوبوں کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت رکھنے والی عمارات کی تصاویر شامل کی جائیں گی، جو نہ صرف پاسپورٹ کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گی بلکہ ملک کی ورثے کی نمائندگی بھی کریں گی۔ اندرونی صفحات پر بھی تاریخی عمارات کی تصویری جھلکیاں نظر آئیں گی۔
یہ تبدیلیاں پاسپورٹ کے نظام میں جدت اور ہم آہنگی لانے کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ اس کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ استعمال میں بھی آسانی ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرونی صفحات کا رنگ پہلے جیسا برقرار رکھا جائے گا، لیکن اندرونی صفحات کے رنگ اور ڈیزائن میں تبدیلی کی جائے گی تاکہ وہ زیادہ پرکشش اور جدید نظر آئیں۔
پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ نے وزارتِ داخلہ سے اس تبدیلی کے لیے اجازت طلب کی تھی اور اب جلد ہی نئے ڈیزائن کے تحت پاسپورٹس جاری کیے جائیں گے۔









