بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چاغی میں تانبے اور سونے کے نئے ذخائر دریافت

بلوچستان کے ضلع چاغی میں ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے سے تانبے اور سونے کے نئے ذخائر کی دریافت ہوئی ہے۔

یہ بات پاکستان میں تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنی ماڑی انرجیز کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے ایک خط میں سامنے آئی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد میں 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور کان کنی کے شعبے میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ فورم میں عالمی کان کنی کمپنیوں، سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور مختلف ممالک کے حکومتی نمائندوں نے شرکت کی ہے۔

ماڑی انرجیز کے مطابق سونے اور تانبے کے ذخائر کی حالیہ دریافت اس کے مکمل ملکیتی ذیلی ادارے ماڑی منرلز نے ضلع چاغی کے علاقے کوہ سلطان میں ایسٹ سیاہ ڈک (ESD-1) کے مقام پر کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ ماڑی منرلز نے اس مقام پر 2 مراحل میں تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی ہے، ڈرلنگ کے دوران تانبے کی معدنیات تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے علاقے میں اور سطح زمین کے تقریباً 100 میٹر نیچے پائی گئی ہیں۔

کمپنی کے مطابق تمام ڈرل ہولز 500 میٹر گہرے تھے اور 500 میٹر تک کی گہرائی میں تانبے کی معدنیات کی موجودگی سامنے آئی اور ڈرلنگ کے دوران تمام نمونوں کی باقاعدہ جانچ کی گئی۔

ماڑی انرجیز کے مطابق پہلے مرحلے کی ڈرلنگ کے جیو کیمیکل نتائج مرتب کرلیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے نمونوں کی لیبارٹری میں جانچ جاری ہے جو 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

کمپنی کے مطابق تانبے کے ذخائر زیادہ تر چٹانوں میں بکھری ہوئی جن کے ساتھ پائرائٹ اور دیگر معدنیات بھی موجود ہیں۔ ماڑی انرجیز کے مطابق آئندہ مرحلے میں مزید ڈرلنگ کی جائے گی تاکہ ایک ہزار میٹر تک کی گہرائی میں معدنیات کی موجودگی کا جائزہ لیا جاسکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ 500 میٹر سے زیادہ گہرائی میں بھی معدنیات موجود ہیں، پہلے اور دوسرے مرحلے کی ڈرلنگ کے نتائج کی بنیاد پر ابتدائی جیولوجیکل ماڈل اور معدنی وسائل کا تخمینہ بھی تیار کیا جائے گا۔

تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ سونے اور تانبے کے ذخائر کے حجم، معدنیات کے معیار اور معاشی اہمیت کا تعین کرنے کے لیے مزید ڈرلنگ، تجزیے، تجربات اور تکنیکی مطالعات کی ضرورت ہوگی۔ کمپنی کے مطابق موجودہ ڈرلنگ کے نتائج کو ابھی باقاعدہ معدنی وسائل یا ثابت شدہ معدنی ذخائر قرار نہیں دیا جاسکتا۔

چاغی میں گزشتہ برس اپریل میں بھی تانبے اور سونے کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔ اسٹاک ایکسچینج کو اس پیش رفت سے چیئرمین نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) محمد علی ٹبہ نے آگاہ کیا تھا۔ اان کا کہنا تھا کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں اور وہ قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھی پراجیکٹ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں تانبے، سونے، کوئلے، کرومائٹ اور دیگر قیمتی معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک دنیا کے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:مائیکروسافٹ سروسز میں پھر بڑی خرابی، صارفین مشکلات کا شکار

انگریزی روزنامہ ’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق ریکوڈک منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی میں 37 سال تک کان کنی کے دوران 1 کروڑ 31 لاکھ ٹن تانبا اور ایک کروڑ 79 لاکھ اونس سونا حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔