بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد میں چار کنال کے زیرِ تعمیر گھر کا معاملہ پیچیدہ ہوگیا، مبینہ مالک جاوید اقبال گرفتار، نئے خریدار کی تلاش شروع

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسد محمود(Asad Mehmood) سے مبینہ طور پر منسوب اسلام آباد میں زیرِ تعمیر چار کنال کے گھر سے متعلق تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے نے مکان نمبر 11، گلی نمبر 83، سیکٹر جی 6/4 کے مبینہ مالک جاوید اقبال کو گرفتار کر لیا ہے، جو کرک کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دورانِ تفتیش جاوید اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ زیرِ تعمیر گھر کاغذی کارروائی میں کسی دوسرے شخص کو فروخت کیا جا چکا ہے۔ اس انکشاف کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارہ اب اس شخص تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے جسے جاوید اقبال نے گھر کا نیا خریدار اور مالک قرار دیا ہے۔ تفتیش کاروں کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ جائیداد کی ملکیت کس طریقہ کار کے تحت منتقل کی گئی اور اس منتقلی میں کون سے افراد ملوث ہیں۔

مزیدپڑھیں:پاکستان کی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا ہوگی، نجکاری اگلے 20 سے 30 سال میں ملک کو منزل تک پہنچا سکتی ہے، مشیر نجکاری محمد علی

مبینہ طور پر چار کنال پر مشتمل اس زیرِ تعمیر گھر کی ملکیت اور فروخت سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ نئے خریدار کی شناخت، جائیداد کی منتقلی کے دستاویزی شواہد اور اس معاملے میں دیگر ممکنہ کرداروں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

تاہم ان دعوؤں اور مبینہ انکشافات کی آزادانہ یا سرکاری سطح پر تصدیق سامنے آنا ابھی باقی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ کے بعد ہی معاملے کی اصل صورتحال واضح ہو سکے گی۔