اسلام آباد: مشیر نجکاری محمد علی(Muhammad Ali) نے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے ایسی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ہوں۔ ملک کی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا ہوگی، جبکہ نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اپنے بیان میں مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ پالیسی سازوں کو ایسی پالیسیاں بنانی چاہئیں جو ملک کی معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔ اس مقصد کے لیے ملک بھر میں نجی شعبے کو مشاورت اور پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ملک کا اصل بزنس حب نہیں ہے، بلکہ کراچی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد جیسے شہر حقیقی کاروباری مراکز ہیں۔ ان شہروں میں کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ افراد اور اداروں کی رائے کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جانی چاہیے۔
محمد علی کے مطابق نجی شعبے کی سوچ بعض اوقات پالیسی سازوں سے مختلف ہو سکتی ہے، تاہم پالیسی سازوں کو یہ طے کرنا ہوگا کہ کن تجاویز اور آرا کو اہمیت دینی ہے اور کن معاملات کو نظرانداز کرنا ہے۔ کاروباری برادری کی مشاورت سے ایسی پالیسیاں مرتب کی جا سکتی ہیں جو زمینی حقائق اور معاشی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہوں۔
مزیدپڑھیں:اکتوبر کی تنخواہیں اور پنشن! سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
مشیر نجکاری نے کہا کہ پالیسی سازی کے عمل میں دوسری اہم مشاورت تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے ساتھ ہونی چاہیے۔ پاکستان میں اکیڈمیا، یونیورسٹیوں، اسکالرز اور تھنک ٹینکس کا پالیسی سازوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہے، جس کے باعث تحقیق اور پالیسی سازی کے درمیان خلا موجود ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی میں تحقیق اور تجزیے کو زیادہ اہمیت دینا ہوگی۔ اکیڈمیا، ماہرین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر مؤثر اور درست پالیسیاں تشکیل دینا مشکل ہوگا۔ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فیصلے تحقیق، شواہد اور زمینی حقائق کی بنیاد پر کیے جانے چاہئیں۔
محمد علی کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی کے عمل میں اختلافِ رائے کو مثبت انداز میں قبول کرنا ہوگا اور مختلف آرا کے درمیان اختلافات کو دلیل اور عقلی بحث کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ بہتر فیصلوں کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کو اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔
مشیر نجکاری نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ دینا ہوگی۔ حکومت کو ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کو زیادہ کردار اور ذمہ داری دینی چاہیے تاکہ سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور معاشی استعداد میں اضافہ ممکن ہو۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نجکاری کا عمل پاکستان کو آئندہ 20 سے 30 سال میں ترقی کی منزل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق ملک کی طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا اور کاروبار دوست پالیسیوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے








