مستونگ کے علاقے دشت میں ایک پولیس اہلکار کی حاضر دماغی اور بہادری کی بدولت موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش ناکام بن گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل دوپہر تقریباً ایک بجے پیش آیا، جب ایگل اسکواڈ کا اہلکار ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گھر جا رہا تھا۔ دشت کمبیلا کے مقام پر دو مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک کر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔
اہلکار نے فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں محمد یوسف ولد محمد علی شاہوانی موقع پر ہلاک اور اس کا ساتھی محمد حسن ولد محمد عظیم بنگلزئی زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سریاب کسٹم سے ہے۔ ہلاک ملزم کی لاش اور زخمی کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال مستونگ منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر پولیس اہلکاروں کی تیز ردعمل اور عوام کی حفاظت میں ان کی قربانی کو واضح کرتا ہے۔









