اسلام آباد(ممتاز نیوز )وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے کہاکہ ملک میں امن و سلامتی شہدا کی مرہون منت ہے،امن کیلئے جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،موجودہ حالات میں نئے انتخابات کابھی سوچا،الیکشن کی طرف جاتے تو معاملہ نگراں حکومت کے پاس جاتا اور ملک ڈیفالٹ کی طرف جاتا،ہفتہ کواسلام آبادمیں تقریب سے خطاب کرتےہوئے وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ ایک ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف سے بحث پر پڑے ہوئے ہیں،
آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہا ہے،ہم نے بھرپور کوشش کی کہ تیل کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑے،ہماری حکومت پیٹرول کی قیمت بڑھانا نہیں چاہتی تھی۔انہوں نے کہاکہ کہا گیا ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے ،ملک کودیوالیہ ہونے سے بچانا ہے یہ وہ لمحہ تھا جس کے لیے یہ کرنا پڑا،ملک کی معیشت اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سیاسی ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں،جب تک سیاسی جماعتیں مل کر نہیں بیٹھیں گی مسئلہ حل نہیں ہوگا،وزیرداخلہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ صرف ایک شخص کہتا ہے لانگ مارچ کروں گا یہ کروں گا
وہ کروں گا، کہتا ہے فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، فلاں کو نہیں چھوڑوں گا،ایسے بیانات قوموں کے لیے تباہی کا باعث ہوتا ہے،جب تک سب لوگ مل کر نہیں بیٹھیں گے ملک آگے نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ 4 سال میں ملک کی تقدیر نہ بدلی،جن کی تقدیر بدلی ان کا تو جواب نہیں دیتے کہ وہ کون تھی اور کون تھا،ضروری ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں،صرف سیاسی جماعتوں کا نہیں بلکہ ہرفرد کا کام ہے،حق رائے دہی استعمال کرنا چاہیے، قوم اس وقت بہتر فیصلہ کرے گی،قوم ان کا ساتھ دے گی جو ملک کو بہتر انداز میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں









