اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عدالت عظمیٰ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
دس صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا، جس میں عدالت نے تینوں سیاسی جماعتوں کے رویے کو سراہا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو چار بجے صوبائی اسمبلی میں ہوگا، جس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کریں گے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا نوٹی فکیشن جاری کریں گے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایک ہفتے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر کسی کو اعتراضات ہوں تو اسکو متعلقہ فورم پر چیلنج کیا جاسکتا ہے۔









