انکرہ (ویب ڈیسک)ترک فوجی کارگو طیارہ سی-130 آذربائیجان سے واپسی کے دوران جیورجیا کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
ترک خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ترک سی-130 فوجی کارگو طیارہ آذربائیجان سے آرہا تھا کہ جیورجیا اور آذربائیجان کی سرحد کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔
طیب اردوان نے بتایا کہ ہماری امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور شہیدوں کے لیے ہماری دعائیں۔
ترک وزارت دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ جیورجیا کے حکام کے تعاون کے ساتھ ریسکیو اور تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ علی یرلیکیا نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیورجیا کے وزیرداخلہ سے طیارہ حادثے پر بات کی ہے جو خود جائے وقوع کی طرف جا رہے ہیں۔
ترک کمیونیکیشنز ڈائریکٹڑ برہانیتن دوران نے بتایا کہ تلاش اور ریسکیو حادثے کی اطلاع ملتے ہی شروع کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے مصدقہ خبروں کے لیے حکام کی جانب سے جاری کی گئی معلومات پر یقین کریں اور غیرمصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارہ حادثے میں تاحال جانی نقصان کی رپورٹ نہیں آئی ہے تاہم ہلاکتوں کا خدشہ ہے جبکہ طیارے میں سوار افراد کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔









