بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شمعون عباسی کا اپنی بیٹی عنزیلہ عباسی کے حالیہ تبصرے پر مبہم ردعمل

کراچی (نیوزڈیسک)شمعون عباسی اور جویریہ عباسی نے 1997 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی پیدا ہوئی، تاہم 2007 میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔

طلاق کے بعد عنزیلہ عباسی اپنی والدہ کے ساتھ رہیں اور ان کی پرورش بھی والدہ نے ہی کی۔

عنزیلہ عباسی کی شادی بھی ان کی والدہ نے کرائی، جس پر شوبز کی کئی شخصیات کی جانب سے جویریہ عباسی کو سراہا بھی گیا۔

جویریہ عباسی نے بیٹی کی شادی کے بعد دوبارہ شادی کرلی، جب کہ شمعون عباسی نے اداکارہ شیری شاہ سے تیسری شادی کرلی۔

گزشتہ دنوں عنزیلہ عباسی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران بتایا تھا کہ کس طرح ان کی والدہ نے ان کی زندگی میں ماں اور باپ دونوں کا کردار ادا کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ والدہ کی وجہ سے انہیں اپنی زندگی میں کبھی بھی والد کی کمی محسوس نہیں ہوئی، البتہ والدین کی طلاق کے باعث کبھی کبھار دل میں خفگی ضرور ہوتی تھی، تاہم وقت کے ساتھ انہیں یہ سمجھ آ گیا کہ ہر انسان کے اپنے احساسات ہوتے ہیں۔

والد کے حوالے سے عنزیلہ عباسی نے مزید کہا کہ وہ ایک عظیم فنکار ہیں، مگر انہیں نہیں معلوم کہ والد کا کون سا پہلو ان کے لیے زیادہ اہم ہے۔

حال ہی میں شمعون عباسی نے عنزیلہ عباسی کے تبصرے کے بعد فیس بک اکاؤنٹ پر بیٹی کے ہمراہ متعدد تصاویر شیئر کیں اور ان کے کیپشن میں لکھا غائب والد۔

بعد ازاں انہوں نے اس کیپشن کو ہٹا دیا، جب کہ تصاویر کو وہاں پر برقرار رکھا۔