اسلام آباد: (نیوزڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شاہ چارلس سوم عوامی خدمت اور عالمی شعور کی علامت ہیں۔برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سالگرہ تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے، شاہ چارلس نے دولت مشترکہ ممالک کو متحد کرنے میں کردار ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہائی کمشنر جین میریٹ کے کردار سے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہوئیں، دہشت گردی دنیا کے امن کیلئے بڑا خطرہ ہے، دہشت گردی کیخلاف مسلح افواج اور قوم متحد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 20 لاکھ پاکستانی نژاد شہری برطانیہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، برطانونی تعاون سے تعلیم، صحت اور ہنرمندی کے تاریخی منصوبے مکمل کیے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے شاہ چارلس سوم اور ملکہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، برطانیہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
جین میریٹ کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں، برطانیہ میں 15 پاکستانی نژاد ارکان پارلیمنٹ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے مزید کہا کہ شاہ چارلس کی ماحولیاتی کاوشیں دونوں ملکوں کو مزید قریب لائیں گی۔









