کراچی (نیوزڈیسک)ماضی کی مقبول اداکارہ فریال گوہر نے کہا ہے کہ شادی سے قبل وہ مغربی طرز کا لباس اور عام طور پر منی اسکرٹ پہنتی تھیں لیکن شادی کے بعد انہوں نے برقع بھی پہنا۔
فریال گوہر نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی پیدائش حالیہ بھارتی ریاست گجرات میں ہوئی تھی لیکن ان کے آباؤ و اجداد 1910 سے قبل ہی جنوبی افریقہ منتقل ہوگئے تھے اور ان کی والدہ وہیں پلی، بڑھیں، بعد ازاں برطانیہ منتقل ہوئیں۔
ان کے مطابق ان کے والد فوج میں تھے اور قیام پاکستان کے بعد ان کے والد برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات ہوئے، جہاں ان کی ملاقات ان کی والدہ سے ہوئی اور دونوں نے شادی کرلی۔
ان کا کہنا تھا کہ والدہ بھی مغربی ممالک اور تہذیبوں میں رہنے کی وجہ سے بولڈ لباس پہنتی تھیں، اسی وجہ سے وہ بھی کم عمری میں بولڈ، مختصر اور مغربی انداز کا لباس پہنتی تھیں۔
فریال گوہر نے بتایا کہ ان کے والد کو گردوں کی بیماری ہوئی، جس وجہ سے انہوں نے فوج سے ملازمت بھی چھوڑی اور جوانی میں ہی انتقال کر گئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ 1965 میں پاک-بھارت جنگ کے دوران پنجاب میں ان کے والد کی ملکیت کو دشمن ملک کی فوج نے جلایا، نقصان پہنچایا، جس کے بعد ان کی والدہ نے محنت کرکے ان کی پرورش کی۔
انہوں نے کہا کہ والد کے انتقال کے بعد بھی لاہور کینٹ میں ان کا 35 کینال کا شاندار گھر تھا اور زمانہ طالب علمی میں جب ان کی عمر 17 برس تھی، تب انہیں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) میں مختصر کردار کی پیش کش ہوئی اور اسکرین پر صرف ان کا ہاتھ دکھایا گیا۔
اداکارہ کے مطابق بعد ازاں انہیں مزید کام کی پیش کش ہوئی اور ابتدائی طور پر انہوں نے ہاتھوں کی ماڈلنگ کی، بعد ازاں ڈراموں میں بھی کام کرنا شروع کیا اور وہیں ان کی ملاقات اداکار جمال شاہ سے ہوئی، جن سے انہوں نے شادی کرلی۔
ایک سوال کے جواب میں فریال گوہر نے بتایا کہ وہ جمال شاہ کے ڈمپل پر فدا ہوگئی تھیں اور ان سے شادی کر بیٹھی، ان کے عشق میں انہوں نے برقع بھی پہنا۔
فریال گوہر کے مطابق جمال شاہ کا خاندان تنگ نظر تھا، پہلے وہ منی اسکرٹ پہنی تھیں، شادی میں محبت کے بعد برقع بھی پہنا اور شادی کے بعد اداکاری کرنے پر ان کے سسرال والوں نے سخت ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے سابق شوہر فریال گوہر کی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ نہ صرف خوبصورت آدمی ہیں بلکہ شوقین بھی ہیں۔
انہوں نے طلاق کے اسباب پر مبہم انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی ختم ہونے کا سبب صرف جمال شاہ کا سست ہونا نہیں تھا، بہت ساری اور وجوہات بھی تھیں لیکن انہوں نے وجوہات کا ذکر نہیں کیا۔









