بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی کسٹمز، 2 کروڑ مالیتی چائینہ نمک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

کراچی (نیوزڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کلکٹوریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 20 ہزار کلو چینی نمک (Monosodium Glutamate) کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، جسے غلط بیانی کرتے ہوئے سٹریک ایسڈ ظاہر کیا گیا تھا۔مزید بتایا کہ یہ مال ولیکا چورنگی کے ایک گودام میں چھپایا گیا تھا، کارروائی کے دوران دو کروڑ پانچ لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا گیا۔

ایف بی آر اعلامیے کے مطابق مصدقہ خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے نجی کمپنی کے شیڈ نمبر 9 پر چھاپہ مارا، جہاں سٹریک ایسڈ کے لیبل والے متعدد بیگ برآمد ہوئے۔

ابتدائی جانچ پڑتال سے معلوم ہوا کہ بڑی تعداد میں بیگوں میں چینی نمک موجود تھا جس کی شناخت اس کی مخصوص خوشبو اور ذائقے سے ہوئی جبکہ کچھ بیگوں میں اصل سٹریک ایسڈ بھی موجود تھا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ موقع پر موجود نگران نے گڈز ڈیکلریشن نمبر پیش کیا، جس میں پوری کھیپ کو ایران سے درآمد شدہ سٹریک ایسڈ ظاہر کیا گیا تھا، تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران 25 کلو والے 800 بیگ چینی نمک اور 100 بیگ اصل سٹریک ایسڈ برآمد ہوئے اور گڈز ڈیکلریشن غلط ثابت ہوا۔

ایف بی آر کے مطابق ضبط شدہ سامان گودام منتقل کرکے اس کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔