لاہور(نیوزڈیسک )وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کر دیا ہے۔
حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سازشی بیانیہ نہیں، اب عوام کی خدمت چلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبا کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم پھر شروع ہو رہی ہے، عام آدمی کی حالت بدلنے کیلئے تمام تر وسائل بروئےکار لا رہے ہیں، مشکلات سے نہیں گھبراتے، مسائل پر قابو پا کر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے خدمت کا موقع دیا، وقت ضائع کئے بغیر سرگرم عمل ہیں کیونکہ ہمیں عوام کی مشکلات اور دکھوں کا احساس ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کابینہ نہیں تھی پھر بھی 200ارب کی سبسڈی دے کر آٹا سستا کیا، تحصیل اور ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں مفت ادویات دستیاب ہیں، سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈی کو بہتر بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کی بحالی سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کر دیا ، حمزہ شہباز








