کراچی میں امریکا کے قونصل جنرل چارلس گڈمین اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ دیکھنے کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم پہنچے، جہاں انہوں نے امریکا اور سری لنکا کے درمیان جاری مقابلے کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر سندھ بھر سے انگلش ایکسس پروگرام میں شامل 500 سے زائد طلبہ و طالبات بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور کرکٹ مقابلے سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔
امریکی ٹیم کی فتح پر قونصل جنرل چارلس گڈمین نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھیل نہ صرف ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط کرتے ہیں بلکہ مختلف ثقافتوں اور قوموں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امریکی مشن نوجوانوں کو جوڑنے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے والی سرگرمیوں کی ہمیشہ حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق کپتان محمد فرخ اور نائب کپتان ذیشان محمد کی قیادت میں امریکی ٹیم پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
چارلس گڈمین نے بتایا کہ ٹیم یو ایس اے کی شرکت امریکا کے “میگا ڈیکیڈ آف اسپورٹس” کا حصہ ہے، جو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریوں کے تناظر میں عالمی سطح پر امریکی کرکٹ کی شناخت کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔
امریکی قونصل جنرل کی نیشنل اسٹیڈیم آمد، اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ سے لطف اندوز








