اسلام آباد(ممتاز نیوز) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنر نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی موجود تھے۔دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے غریب ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک کی ضرورت پر زور دیا۔ عمران خان نے کہاکہ امیر ممالک کی جانب سے غریب ملکوں سے دولت کی غیرقانونی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے۔دولت کی اس غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے۔اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا فیکٹائی پینل اپنی رپورٹ میں اس معاملے کی نزاکت اجاگر کرچکا ہے،سرمائے کی یہ غیر قانونی ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے،غریب ممالک سے امیر ملکوں کی جانب ہجرت خود ترقی یافتہ ممالک کیلئے بڑے چیلنجز پیدا کرتی ہے،عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے مؤثر انسداد کیلئے حکومتیں اقدامات اٹھائیں،برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنرنے میزبانی پر چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنرکی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات








