بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جرمنی سے آئے پارسل سے 30 کروڑمالیتی نشہ آور گولیاں برآمد

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) پاکستان کسٹمز نے کراچی انٹرنیشنل میل آفس کے ذریعے تقریباً 30 کروڑ روپے مالیت کی نشہ آور گولیوں کو پارسل میں موجود اسپیکرز اور لیمپس کے اندر چھپاکر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایف بی آر کے مطابق کلکٹوریٹ آف کسٹمز ایئرپورٹس کراچی کے ایئرپورٹ کارگو کنٹرول یونٹ (اے سی سی یو) کے افسران نے جانچ پڑتال کے دوران ایم ڈی ایم اے (Ecstasy) کی 9,455 گولیاں ضبط کرلیں جن کی مالیت 29 کروڑ 97 لاکھ 91 ہزار روپے ہے۔

منشیات جرمنی سے موصولہ ایک پارسل میں موجود اسپیکرز اور ایک آی ڈی لیمپس کے اندر چھپا ئی گئی تھی۔ اس کھیپ کو غلط طور پر کپڑے، جرابیں اور میوزک باکسزکے طور پر ظاہر کیا گیا تھا۔

کسٹمز حکام نے اسمگلنگ کی اس کوشش میں ملوث وصول کنندگان اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔