بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپہ سالار کے خلاف مہم پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، مولانا طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سپہ سالار اور فوج کے خلاف چلائی جانے والی مہم کا اصل مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی تو فوج کی تعریفیں کرتی تھی، مگر اب اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق فوج کسی ایک جماعت یا مکتبہ فکر کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی طور پر مضبوط ملک ہے اور اب معاشی استحکام کی ضرورت ہے، جبکہ ملک میں پھیلائی جانے والی افراتفری کا مقصد اسی معاشی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے متعلق پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کی بھی تردید کی اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا اسرائیل سے کسی قسم کا معاہدہ نہیں ہے۔
انہوں نے افغان قیادت سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے اشاروں پر پاکستان پر حملے کرنے والے عناصر کو روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دشمن افغانستان کے راستے حملہ آور ہو رہا ہے، تب ملک کے اندر سے فوج اور سپہ سالار کے خلاف مہم چلانا انتہائی خطرناک عمل ہے۔
مولانا طاہر اشرفی نے سابق آرمی چیفس کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی مہم کی مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل کیانی سمیت متعدد سابق آرمی چیفس ملک میں موجود ہیں، مگر ان کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ وہ بیرونِ ملک ہیں۔ یہ سب سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ لگتا ہے۔
انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے والد پر ہونے والی تنقید کو بھی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے انہیں نشانہ بنانا غیر مناسب اور مشکوک عمل ہے۔
مولانا طاہر اشرفی نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ سیاسی لڑائی سیاست کی حد تک رکھیں اور ریاستی اداروں کو نشانہ نہ بنائیں، ورنہ قانون اپنا راستہ ضرور اختیار کرے گا۔ انہوں نے صدر مملکت سے افغان دہشت گردی اور معاشی صورتحال پر اے پی سی بلانے کا مطالبہ کیا اور آصف علی زرداری سے کہا کہ وہ بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔