چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے بینیفشریز کو بڑی خوشخبری سنا دی۔
ای کچہری کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا کہ بینظیر کفالت پروگرام کی آئندہ سہ ماہی قسط جلد جاری کر دی جائے گی جو اس مرتبہ انٹرآپریبلٹی (Interoperability) کے نظام کے تحت ادا کی جائے گی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق اس نئے نظام کے تحت بینیفشریز چھ پارٹنر بینکوں، بشمول حبیب بینک، حبیب مائیکروفنانس بینک، بینک الفلاح، جاز کیش، ایزی پیسہ اور بینک آف پنجاب کے کسی بھی مجاز Pay Point سے اپنی رقم بآسانی وصول کر سکیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ رقم بینیفشری کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوتے ہی ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ایس ایم ایس موصول ہوگا، پیغام موصول ہونے کے بعد بینیفشریز اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی قریبی مجاز پے پوائنٹ سے کسی بھی دن اور کسی بھی وقت اپنی رقم حاصل کر سکیں گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بینیفشریز کو بتایا کہ رقم وصول کرنے کے بعد بینک کی جانب سے ایک دوسرا تصدیقی میسج موصول ہوگا، جس میں نکلوائی گئی رقم کی تفصیلات درج ہوں گی، خواتین بینیفشریز دونوں میسجز محفوظ رکھیں، رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی ریٹیلر، ایجنٹ یا کسی دوسرے شخص کے حوالے نہ کریں۔
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے ای کچہری کے دوران مستحقین سے براہِ راست گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرآپریبلٹی کی سہولت سے مستحقین کو مختلف خدمات تک رسائی میں آسانی ہوگی اور انہیں مزید بہتر، مؤثر اور سہل سہولیات میسر آئیں گی، یہ سہولت صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو فراہم کی گئی ہے۔
ای کچہری کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر 24 فون کالز سنیں اور مستحقین کی شکایات پر متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت کی کہ ان کا فوری ازالہ اور مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے۔








