بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران فون ٹیپنگ کے حامی،جوباتیں کل کررہے تھے وہ آج منہ پر ماری جارہی ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی نے گزشتہ چارسال کے دوران سیاست میں بہت گندڈالا،عمران خان خود کہہ چکے ہیں کہ فون ٹیپ کرنادرست ہے اور یہ سکیورٹی کی ضرورت ہے، آپ جوباتیں کل کررہے تھے وہ آج آپ کے منہ پر ماری جارہی ہیں، جب آپ سیاست میں آتی ہیں تو بھلے کسی کی بیگم بھی ہو ں تنقیدتو ہوتی ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے خواجہ محمدآصف نے کہاکہ عمران خان نے پچھلے تین چارماہ سے واویلامچایاہوا ہے، وہ جب حکومت میں تھے اس وقت سے شور مچارہے ہیں ، عمران خان واحد حکمران نہیں جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی لیکن عمران واحدحکمران ہیں جو عدم اعتماد کو سازش قرار دے رہے ہیں۔آڈیوٹیپنگ سے متعلق خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان خود کہہ چکے ہیں فون ٹیپ کرنادرست ہے،وہ کہتے رہے ہیں کہ آڈیوٹیپنگ ہونی چاہیے یہ سکیورٹی کی ضرورت ہے،عمران خان واحدبندہ ہے جو کہتاہے کہ پرائیویسی کی خلاف ورزی ہونی چاہیے، آپ جوبوئیں گے وہیں کاٹیں گے، آپ جوباتیں کل کررہے تھے وہ آج آپ کے منہ پر ماری جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب آپ سیاست میں آتی ہیں تو بھلے کسی کی بیگم بھی ہوں تنقیدتو ہوتی ہے،سیاست میں جب آپ دخل اندازی کرتے ہیں تو ہاتھ اور کپڑوں پر ضرورداغ لگتے ہیں۔وزیردفاع نے کہاکہ وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر بشریٰ بی بی کی آڈیوجعلی ہے تو فرانزک کرالیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کا وطیرہ یہ ہے کہ پہلے منت سے کام نہ نکالواور اگر منت سے کام نہ نکلے تو گالی دو ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اورپی ٹی آئی نے چار سال سیاست میں بہت گنداچھالاہے، عمران خان نے تین چار سال مسلسل خواتین کو نشانہ بنا یا، مریم نوازاور کلثوم نواز کو بھی نشانہ بنایا۔خواجہ آصف نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سویونٹ تک بجلی مفت کی تو پی ٹی آئی کو کیوں اعتراض ہے؟ جب عام آدمی پر بوچھ بڑھاتواسے ریلیف دیا جارہا ہے یہ ہرگز پری پول دھاندلی نہیں ہے، غریب کو سکھ کا سانس ملے گا تو عمران خان کو تکلیف ہے ۔