بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی بی اے کراچی کے کانووکیشن میں 1046 طلبہ کو ڈگریاں فراہم کی گئیں

انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی کے مین کیمپس میں کلاس آف 2025 کے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں 1046 طلبہ و طالبات کو مختلف پروگرامز میں ڈگریاں دی گئیں۔ اس گریجویٹنگ بیچ میں 780 طلبہ انڈرگریجویٹ پروگرامز، 259 طلبہ پوسٹ گریجویٹ پروگرامز، اور 7 طلبہ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
اس موقع پر ایم ایس ڈیٹا سائنس اور ایم ایس مارکیٹنگ پروگرامز کے پہلے بیچ کی گریجویشن بھی خصوصی طور پر منائی گئی، جس سے یہ تقریب مزید اہمیت اختیار کر گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ اسماعیل راہو تھے، جبکہ بانی اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی اے، ڈاکٹر اکبر زیدی نے گریجویٹس کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئی بی اے کا مقصد طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور پاکستان کے بہترین ذہنوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا ہے۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ یہ دن نوجوان گریجویٹس کے لیے خوشی اور مسرت کا دن ہے، جو ایک نئے سورج کے طلوع اور ایک اہم سنگِ میل کے حصول کا اعلان ہے۔
صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ایسی تقریب کا حصہ ہیں جو اعلیٰ تعلیم، قابلیت اور روشن مستقبل کے خوابوں کا جشن مناتی ہے۔