بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ضلع خیبر میں خواتین کو انصاف فراہم کرنے میں تاریخی کامیابی

ضلع خیبر میں خواتین کے لیے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ایک تاریخی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ لنڈی کوتل کی ڈسٹرکٹ ریزیولوشن کونسل (ڈی آر سی) کی خواتین ممبران نے پہلی بار ایک اہم اور پیچیدہ مقدمہ نہ صرف سنا بلکہ اسے کامیابی کے ساتھ حل بھی کیا۔
ایس ایچ او لنڈی کوتل عشرت علی کے مطابق یہ کیس ایک بیوہ خاتون کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جس میں اس نے اپنی شوہر کی وفات کے بعد دیت کی رقم کی واپسی کی درخواست کی تھی۔ درخواست گزار کے شوہر 2024 میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے، اور مقتول کے ورثاء نے شرعی طور پر 35 لاکھ روپے دیت کے طور پر وصول کیے تھے، تاہم مقتول کے بھائی (دیور) نے یہ رقم بیوہ کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔
کئی ماہ کی کوششوں کے بعد بیوہ خاتون نے ڈی آر سی کی خواتین ممبران سے مدد طلب کی۔ ڈی آر سی کی خواتین ممبران نے لنڈی کوتل پولیس کے ساتھ مل کر کیس کی تفصیلات کا بغور جائزہ لیا، فریقین کو طلب کیا اور متعدد اجلاسوں کے بعد ایک قابل قبول حل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔
ایس ایچ او عشرت علی کے مطابق خواتین ممبران نے اس مقدمے کی پیروی انتہائی محنت، سنجیدگی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ کی، اور بالآخر ڈی آر سی کے فیصلے کے مطابق 35 لاکھ روپے کی پوری رقم بیوہ کو واپس کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف خاتون درخواست گزار کے لیے بڑا ریلیف ہے بلکہ ضلع خیبر میں خواتین کے لیے انصاف کی فراہمی کا ایک مؤثر نمونہ بھی ثابت ہوگی۔
یہ ضلع خیبر کی تاریخ میں پہلا مقدمہ ہے جسے ڈی آر سی کی خواتین ممبران نے مکمل طور پر حل کیا، جو اس فورم کی بڑھتی ہوئی افادیت اور خواتین کی فعال شمولیت کا ثبوت ہے۔ ایس ایچ او نے مزید کہا کہ خواتین اپنے مسائل کے حل اور انصاف تک رسائی کے لیے بلاجھجھک پولیس کی خواتین ڈی آر سی سے رجوع کر سکتی ہیں، جہاں انہیں مکمل عزت، رازداری اور قانونی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
مقامی عوام اور سماجی شخصیات نے ڈی آر سی کی خواتین ممبران اور لنڈی کوتل پولیس کی اس کامیابی کو سراہا اور اسے ایک مثبت اور قابل تقلید مثال قرار دیا، جس سے نہ صرف خواتین کا اعتماد بڑھے گا بلکہ معاشرے میں انصاف کے فروغ کا عمل بھی مضبوط ہوگا۔