وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ملک کی محافظ ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی مفاد کے لیے ریاست اور افواج پر تنقید کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، اور پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ریاست کے ساتھ کھڑی ہے یا اپنی متنازع قیادت کے ساتھ۔
احسن اقبال نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہوا اور عسکری قیادت پر تنقید ناقابل قبول ہے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ سیاسی مشکلات اس کی اپنی طرزِ سیاست کا نتیجہ ہیں، اور اگلے انتخابات میں عوام ایسے رویے کو مسترد کریں گے۔ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور گزشتہ دو برس میں ملک کو معاشی بحران سے نکالا گیا ہے۔ آنے والے تین سال پاکستان کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انتشار اور فساد کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ مستقبل کی کامیابی کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔ مسلم لیگ (ن) اگلی نسل کو روشن اور خوشحال پاکستان دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو مسترد کر کے اب تعمیر و ترقی کی سیاست کو ترجیح دینی ہوگی، کیونکہ یہی ملک کو آگے بڑھا سکتی ہے۔
احسن اقبال: ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کے جذبات کی بہترین ترجمانی کی








