گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم بننے کے لیے پارٹی اگلے عام انتخابات کا انتظار کرے گی، کیونکہ وہی ملک کے مستقبل کے وزیراعظم ہوں گے۔
لاہور میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں گھریلو فرنیچر تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے بتایا کہ پنجاب بھر میں پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور مختلف اضلاع سے لوگ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جلد فیصل آباد اور سیالکوٹ میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے، جبکہ فیصل آباد سے پارٹی میں نمایاں شمولیت متوقع ہے اور دیگر اضلاع سے بھی کارکن اور رہنما پیپلز پارٹی کا حصہ بنیں گے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سیاسی نظام کو عدم استحکام سے بچانے کی کوشش کی ہے اور کبھی معاملات کو خراب نہیں کیا۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم بننے کے لیے آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے حالیہ تین روزہ لاہور دورے سے پنجاب میں مثبت سیاسی پیغام گیا ہے اور جو لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ان کے لیے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔









