بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سری لنکن ٹیم میں بڑی تبدیلی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا کی ٹیم میں اہم تبدیلی کر دی گئی ہے، جس کے تحت داسن شاناکا کو ایونٹ کے اختتام تک قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مطابق نئے چیف سلیکٹر پرموڈیا وکرماسنگھے نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا اور ہائی پرفارمنس یونٹ کے سربراہ جیروم جے رتنئے سے مشاورت کے بعد یہ طے پایا کہ سابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے منتخب کردہ 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ کو برقرار رکھا جائے۔
اس سے قبل اپل تھرنگا کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کپتانی کی تبدیلی پر غور کر رہی تھی، تاہم نئی انتظامیہ نے تسلسل کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سلیکٹر کے مطابق داسن شاناکا کو ایک آل راؤنڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور ٹیم میں ان کے کردار پر مزید مشاورت جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز کے دوران چارتھ اسالنکا کی علالت کے باعث شاناکا نے عارضی طور پر کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔ اگرچہ سری لنکا کو زمبابوے کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹیم فائنل تک پہنچی جہاں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔
اگرچہ چارتھ اسالنکا کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے، تاہم وہ اسکواڈ کا حصہ برقرار ہیں۔ سلیکٹرز کے مطابق محدود اوورز میں حالیہ فارم کے باوجود وہ مستقبل کے منصوبوں میں شامل ہیں۔
ابتدائی اسکواڈ میں نیروشن ڈکویلا کی واپسی بھی ہوئی ہے، جنہیں وکٹ کیپنگ کے ساتھ ٹاپ آرڈر میں تجربہ فراہم کرنے کی ضرورت کے پیش نظر دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔