کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول نے چند سال قبل قاتل کی اہلیہ کو بھگا کر اپنے ساتھ لے جانے کے بعد نکاح کر لیا تھا، جس کی وجہ سے یہ قتل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ گلستان جوہر بلاک 16، الا صفا شادی ہال کے قریب پیش آیا۔ مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ ایس ایچ او گلستان جوہر انسپکٹر کاشف ربانی کے مطابق مقتول کی شناخت 45 سالہ فیاض ولد ایاز کے نام سے ہوئی، جو گلستان جوہر بلاک 10 قلندرآباد کا رہائشی تھا اور اس کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول نے اپنے آبائی علاقے کے رہائشی شہباز کی بیوی کو بھگا کر لے جا کر نکاح کر لیا تھا۔ ہفتے کی صبح شہباز نے فیاض کو اپنی ہی موٹرسائیکل پر بٹھا کر گلستان جوہر بلاک 16 لایا اور تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے شہریوں کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل (پستول) برآمد کر لیا، اور ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
کراچی: فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، پرانی رنجش سامنے آئی








