وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو کسی کی آلۂ کار نہیں بننا چاہیے۔ اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم کی بہنوں کو گھسیٹنا درست عمل نہیں اور جو لوگ یہ سوچتے ہیں کہ وہ سب کچھ کریں گے اور بچ جائیں گے، یہ ان کی خام خیالی ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ اگر ادارے اور جمہوریت مضبوط نہ ہوں تو ملک میں مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے شفاف انتخابات کرانے کی کوشش کی گئی تاکہ دھاندلی نہ ہو۔
وزیرِ اعلیٰ نے ملک کے معاشی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 36 ہزار ارب روپے بیرونی قرضے ہیں اور ڈالرز کو 282 پر مصنوعی طور پر روکا گیا۔ عوام کے 20 ارب ڈالرز ایکسپورٹ سے نہیں بلکہ قرض سے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن اور قرض کا بوجھ پاکستانی قوم پر ہے، لیکن خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت اپوزیشن اتحاد کے ساتھ کھڑی رہیں گے۔
سیاسی جماعتیں کسی کی آلۂ کار نہ بنیں: سہیل آفریدی








