راجن پور میں پنجاب پولیس نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
پولیس کے مطابق بنگلہ اچھا کچے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس میں پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ڈی پی او راجن پور محمد عمران نے بتایا کہ پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضے سے تین افراد کو محفوظ طریقے سے رہا کرا لیا ہے، جن میں ایک مغوی کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی کمین گاہوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا، جس میں راکٹ لانچر، اینٹی ایئر کرافٹ گن اور اینٹی ٹینک آر پی جی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر راجن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو شاباش دی ہے۔
پنجاب پولیس کی راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کارروائی، 3 مغوی بحفاظت بازیاب







