بالی وڈ کی مشہور اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی ممبئی میں ایک شدید ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں، تاہم خوش قسمتی سے وہ بخیر و عافیت رہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب نورا امریکی ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتحی اپنی ٹیم کے ہمراہ سن برن فیسٹیول 2025 کے لیے روانہ تھیں کہ ایک نشے میں دھت ڈرائیور نے ان کی گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس کے نتیجے میں نورا کے سر میں چوٹ آئی اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے سی ٹی اسکین کے ذریعے چوٹ کی جانچ کی اور تصدیق کی کہ داخلی نقصان کا خطرہ نہیں، تاہم آرام کا مشورہ دیا گیا۔ حیران کن طور پر نورا نے اسپتال سے فارغ ہوتے ہی براہ راست کنسرٹ میں شرکت کی اور اپنے مداحوں کے لیے پرفارم کیا، جسے مداحوں نے بہت سراہا۔
حادثے کے بعد گاڑی کی تصاویر سامنے آئیں، جن سے ٹکر کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نورا فتحی کا یہ سال کافی کامیاب رہا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے امریکہ کے معروف شو ’دی جمی فالن شو‘ میں بھی اپنی پرفارمنس سے دھوم مچائی ہے۔ اداکاری میں انہوں نے جنوبی بھارت کی ہارر فلمیں ’کنچنا 4‘ اور ’کے ڈی: دی ڈیول‘ میں کام کیا، جبکہ ان کی ویب سیریز ’دی رائلز‘ بھی حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔
نورا فتحی ٹریفک حادثے میں زخمی، پھر بھی کنسرٹ میں پرفارم کر گئیں








