اسلام آباد(نیوزڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گرین لائن اور بلیو لائن بس سروس کا افتتاح کردیا،ان کاکہناہے کہ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بلیو اور گرین لائن سروس کا افتتاح کا آغاز کیا گیا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام ایک اور سفری سہولت سے فیض یاب ہونے والے ہیں۔
گرین لائن اور بلیو لائن سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گرین لائن اور بلیو لائن اسلام آباد راولپنڈی کے عوام کی بہت بڑی خدمت ہے، اس سہولت کی 4 سال تاخیر کا قوم ہم سے سوال کرتی ہے، ’’دیر آئید درست آئید ‘‘بالآخر اس سہولت کا آغاز کردیا گیا، منصوبوں کی تکمیل کرنے والوں کا مشکور ہوں، پورے روٹ کے ایک کارڈ کے اجرا کو یقینی بنائیں اور ایک ماہ کے لئے گرین اور بلیو لائن سروس مفت فراہم کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی قیمتیں عالمی سطح پر کم ہوئی ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ تیل کی قیمتیں جلد کم ہوں، 30ارب ڈالر کا تیل اور گیس امپورٹ کیا جاتا ہے، ہم نے 75 سالوں سے ملک کے لیے کچھ اچھا کام نہیں کیا لیکن بعض حکومتوں نے اچھا کام بھی کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 100 یونٹ والے بجلی کے بل معاف کرنے کا انقلابی فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے 100 ارب کا بجٹ رکھا ہے، دیگر صوبے بھی پنجاب حکومت کی طرح عوامی سہولیات سے متعلق اقدام کریں۔
وزیراعظم نے کہاکہ رانا ثنا اللہ کو لا اینڈ آرڈر کا بہت تجربہ ہے،رانا ثنا اللہ کے پولیس کی تنخواہوں سے متعلق اقدام پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں، شٹل سروس کے لئے بھی متعلقہ اداروں کو فنڈز فراہم کریں گے، بڑے منصوبے ایسے ٹھیکیداروں کو دئیے گئے ہیں جو ناقص ٹینڈرنگ ہے، معیاری ٹینڈرنگ کے بغیر کوئی ٹھیکہ دیا گیا تو متعلقہ ادارے اور افسر کی خیر نہیں، ٹھیکوں میں اربوں کی غبن بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، آج بھی ہم قرضوں میں جکڑے ہوئے ہیں، ماضی کی حکومت نے ناقص منصوبہ بندی کی ہے، مشکلات بہت ہیں اللہ پر ایمان ہے کہ ہم ان مشکلات سے نکلیں گے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، جلد مہنگائی میں کمی ہوگی۔
اسلام آباد میں بلیو،گرین لائن بسیں چل پڑی، ٹھیکوں میں کرپشن برداشت نہیں کرینگے،وزیراعظم







